سورہ الغاشیہ
کیا تمہیں اُس چھا جانے والی آ فت کی خبر پہنچی ہے؟کچھ چہرے اُس روز خوف زدہ ہوں گے ،سخت مشقت کر رہے ہوں گے،تھکے جاتے ہوں گے،شدید آگ میں جھلس رہے ہوں گے،کھولتے ہوئے چشمے کا پانی انہیں پینے کو دیا جائے گا، خاردار سوکھی گھاس کے سوا کوئی کھانا اُن کے لیے نہ ہو گا جو نہ موٹا کرے نہ بھوک مٹائے۔
کچھ چہرے اُس روز بارونق ہوں گے، اپنی کارگزاری پر خوش ہونگے،عالی مقام جنت میں ہوں گے،کوئ بیہودہ بات وہاں نہ سنیں گے، اُس میں چشمے رواں ہونگے،اُس کے اندر اونچی مسندیں ہوں گی،ساغر رکھے ہوں گے،گاؤ تکیوں کی قطاریں لگی ہوں گی اور نفیس فرش بچھے ہوں گے۔
یہ لوگ نہیں مانتے تو کیا یہ اونٹوں کو نہیں دیکھتے کہ کیسے بنائے گئے؟آسمان کو نہیں دیکھتے کہ کیسے اٹھایا گیا؟ پہاڑوں کو نہیں دیکھتے کہ کیسے جمائے گئے ؟ اور زمین کو نہیں دیکھتے کہ کیسے بچھائی گئی ؟
اچھا تو اے نبی نصیحت کیے جاؤ، تم بس نصیحت ہی کرنے والے ہو،کچھ ان پر جبر کرنے والے نہیں ہو۔البتہ جو شخص منہ موڑے گا اور انکار کرے گا تو اللہ اس کو بھاری سزا دے گا۔ان لوگوں کو پلٹنا ہماری طرف ہی ہے،پھر ان کا حساب لینا ہمارے ہی ذمہ ہے۔