سورہ المنفقون
اے نبی ، جب یہ منافق تمہارے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں” ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ یقیناً اللہ کے رسول ہیں “۔ہاں اللہ جانتا ہے کہ تم ضرور اس کے رسول ہو، مگر اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ منافق قطعی جھوٹے ہیں۔انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے اور اس طرح یہ اللہ کے راستے سے خود رکتے اور دنیا کو روکتے ہیں ۔کیسی بری حرکتیں ہیں جو یہ کر رہے ہیں۔
انہیں دیکھو تو ان کے جثےّ تمہیں بڑے شاندار نظر آئیں۔ بولیں تو تم ان کی باتیں سنتے رہ جاؤ۔ مگر اصل میں یہ گویا لکڑی کے کندے ہیں جو دیوار کے ساتھ چن کر رکھ دیے گئے ہوں۔ہر زور کی آواز کو یہ اپنے خلاف سمجھتے ہیں۔یہ پکے دشمن ہیں، ان سے بچ کر رہو۔اللہ کی مار ان پر، یہ کدھر الٹے پھراۓ جا رہے ہیں۔
اے لوگو جو ایمان لاۓ ہو،تمہارے مال اور تمہاری اولادیں تم کو اللہ کی یاد سے غافل نہ کر دیں۔جو لوگ ایسا کریں وہی خسارے میں رہنے والے ہیں۔
جو رزق ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے خرچ کرو قبل اس کے کہ تم میں سے کسی کی موت کا وقت آ جاۓ اور اس وقت وہ کہے کہ “اے میرے رب، کیوں نہ تو نے مجھے تھوڑی سی مہلت اور دے دی کہ میں صدقہ دیتا اور صالح لوگوں میں شامل ہو جاتا”حالانکہ جب کسی کی مہلت پوری ہونے کا وقت آجاتا ہے تو اللہ اس کو ہر گز مزید مہلت نہیں دیتا،اور جو کچھ تم کرتے ہو، اللہ اس سے باخبر ہے۔