سورہ الیل
قسم ہے رات کی جبکہ وہ چھا جائے،اور دن کی جبکہ وہ روشن ہو، اور اس ذات کی جس نے نر اور مادہ کو پیدا کیا، درحقیقت تم لوگوں کی کوششیں مختلف قسم کی ہیں ۔تو جس نے راہ خدا میں مال دیا اور اللہ کی نافرمانی سے پرہیز کیا، اور بھلائی کو سچ مانا، اس کو ہم آسان راستے کے لیے سہولت دیں گے۔
۔اور جس نے بخل کیا اور اپنے خدا سے بے نیازی برتی اور بھلائی کو جھٹلایا ،اس کو ہم سخت راستے کے لیے سہولت دیں گے۔اور اس کا مال آخر اس کے کس کام آئے گا جبکہ وہ ہلاک ہو جائے۔
۔ بے شک راستہ بتانا ہمارے ذمہ ہے، اور درحقیقت آخرت اور دنیا ، دونوں کے ہم ہی مالک ہیں۔پس میں نے تم کو خبردار کر دیا ہے بھڑکتی ہوئی آگ سے۔اس میں نہیں جھلسے گا مگر وہ انتہائی بدبخت جس نے جھٹلایا اور منہ پھیرا ۔اور اس سے دور رکھا جائے گا وہ نہایت پرہیزگار جو پاکیزہ ہونے کی خاطر اپنا مال دیتا ہے۔اس پر کسی کا کوئی احسان نہیں ہے جس کا بدلہ اسے دینا ہو، وہ تو صرف اپنے رب برتر کی رضاجوئی کے لیے یہ کام کرتا ہے۔اور ضرور وہ اس سے خوش ہو گا۔